اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاوس کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ، بلاول بھٹو کی جانب سے واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار سماجی کارکن خرم زکی کے ورثا اس کی میت لے کر وزیر اعلیٰ ہاوس پہنچ گئے جہاں اس کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
خرم زکی کے ورثا کی جانب سے نماز جنازہ وزیر اعلیٰ ہاوس کے سامنے ادا کئے جانے کے اعلان کے بعد اس علاقے کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ ہائوس کو جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری بھی وہاں تعینات ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سماجی رہنما خرم زکی کے قتل پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خرم زکی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ واضح رہے گذشتہ روز سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سول سوسائٹی کے رہنما اور سابق صحافی خرم زکی شہید ہوگئے تھے۔
ضلع وسطی کے سپریٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی میں ایک ہوٹل کے باہر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
خرم زکی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق وہ نیوز ون ٹی وی چینل میں انفوٹینمنٹ اور مذہبی پروگراموں سے منسلک تھے۔ خرم زکی کی ویب سائیٹ لوب پاک ڈاٹ کام بھی پاکستان میں بلاک ہے۔ خیال رہے کہ خرم زکی سول سوسائٹی کے رہنما جبران ناصر کے ساتھ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف مظاہروں میں بھی شریک رہے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169